صوبائی وزیر ذیشان رفیق کی زیر صدارت والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت جاری سکیموں اورمری ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس

منگل 16 ستمبر 2025 16:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے تحت جاری سکیموں اورمری ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لینے کے حوالے سے منگل کو اجلاس کا انعقاد ہوا ۔ترجمان محکمہ بلدیات کے مطابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے شرکا اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اندرون لاہور کی بحالی نواز شریف اور وزیراعلی مریم نواز کا فوکس ہے۔

لاہور کے تاریخی ورثے کی حفاظت کیلئے لہر پروگرام پر کام جاری ہے۔ وزیر بلدیات نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ عالم، دہلی، موچی گیٹ کے قریب زیر زمین پارکنگ اور آرکیڈ بنائیں گے جبکہ شالامار، ناصر باغ کے نزدیک بھی انڈرگرائونڈ پارکنگ فیسیلٹی بنے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ گوالمنڈی فوڈ سٹریٹ کو بحال کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اندرون لاہور شہر کا تاریخی ورثہ قیمتی قومی اثاثہ ہے، اس لیے ترقیاتی سکیموں کو احتیاط کے ساتھ مکمل کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ پرانی ٹولنٹن مارکیٹ کی بھی تزئین و آرائش کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مری کے مال روڈ کو خوبصورت بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے، مری مال روڈ پر تجارتی مراکز اور ہوٹلز پر رات کے وقت لائٹنگ ہوگی، ملکہ کوہسار کو ملکی، غیرملکی سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنائیں گے۔اس کے ساتھ مری کی تمام عمارتوں کی چھتوں پر پینٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، مری کی ہر چھت سبز یا سرخ رنگ کی ہونی چاہیئے۔ صوبائی وزیر نے اگلے ہفتے لہر اور مری ڈویلپمنٹ پروگرام پر دوبارہ اجلاس طلب کر لیا۔