تھانہ شاہ پور پولیس کی کارروائیاں،مختلف جرائم میں ملوث 2ملزمان گرفتار

منگل 16 ستمبر 2025 16:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) تھانہ شاہ پور پولیس نے کارروائیوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں شراب و اسلحہ برآمد کر لیا۔

(جاری ہے)

تر جمان کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ شاہ پور تحسین اللہ خان نے لیڈیز پولیس اور دیگر نفری کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے شراب سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے سرغنہ الطاف کو گرفتار کر کے 29 بوتل اور 50 لیٹر شراب اور ایک رائفل برآمد کر لی، نیٹ ورک علاقہ بیلہ نیکو خان میں واقع مکان میں شراب تیار کرنے کے بعد مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا،ملزم نے نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کی بھی نشاہدہی کی جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

اسی طرح دوسری کارروائی کے دوران پولیس نے اقدام قتل میں ملوث ملزم یاسر کو گرفتار کر کے کلاشنکوف ، پستول اور کارتوس برآمد کرلئے ،ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے شراب تیار و فروخت کرنے سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے واضح کیا ہے کہ جرائم میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔