سندھ ہائیکورٹ ، این ای ڈی یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیاں،درخواست کی نقول این ای ڈی کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت سماعت 29 ستمبر تک ملتوی

منگل 16 ستمبر 2025 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے این ای ڈی یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف درخواست پر وکیل درخواست گزار کو درخواست کی نقول این ای ڈی کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی،منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں این ای ڈی یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

این ای ڈی یونیورسٹی کی جانب سے وکیل نے وکالت نامہ جمع کروا دیا۔ عدالت نے وکیل درخواست گزار کو درخواست کی نقول این ای ڈی کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ سلیکشن بورڈ نے شفافیت کو نظر انداز کرتے ہوئے رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تعیناتی کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

کنٹرولر امتحانات این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ کی تیاری کے لئے پرائویٹ کوچنگ سینٹر بھی چلاتے ہیں۔ وائس چانسلر نے اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے سے دو ماہ قبل سلیکشن بورڈ کا اجلاس منعقد کیا۔ فیکلٹی ارکان کی انتظامی عہدوں پر تعیناتی غیر قانونی ہے۔ یونیورسٹی میں قانون کے مطابق روٹیشن پالیسی پر بھی عمل نہیں کیا جارہا۔ رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کے سلیکشن بورڈ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالتی احکامات کے مطابق فیکلٹی ارکان کو انتظامی عہدوں سے ہٹایا جائے۔ رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کے لئے ازسرنو سلیکشن بورڈ بنانے کا حکم دیا جائے۔