کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس، گندم اور آٹے کی قیمتوں کا جائزہ

منگل 16 ستمبر 2025 14:56

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت گندم اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے سرکاری قیمتوں پر آٹے کی فراہمی نہ ہونے کی کچھ شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ ہر تحصیل کے حساب سے نرخ مقرر کیے جائیں اور کسی بھی علاقے میں آٹے کی کمی واقع نہ ہونے دی جائے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹرانسپورٹیشن کی وجہ سے ہر تحصیل میں آٹے کی قیمتوں میں فرق موجود ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی نے تمام اضلاع کے افسران کو ہدایت دی کہ فلور ملز، ڈیلرز اور مارکیٹوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، تمام چیک پوسٹوں پر ڈیوٹی سٹاف کو باقاعدہ مانیٹر کریں اور مقرر کردہ نرخوں پر گندم و آٹے کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پینا فلیکس پر گندم اور آٹے کے نرخ نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں تاکہ عوام باآسانی سرکاری قیمتوں سے آگاہ رہ سکیں۔کمشنر راولپنڈی نے یہ بھی ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جو گندم اور آٹا ذخیرہ اندوزوں سے قبضے میں لیا گیا ہے وہ مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر فروخت کیا جائے اور کسی بھی صورت واپس نہ کیا جائے۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی سپلائی اور نرخوں کی رپورٹ مرتب کر کے کمشنر آفس کو ارسال کی جائے۔ کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے، مقررہ قیمتوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی قسم کا بحران پیدا نہ ہو۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو بھی ہدایت دی کہ گندم اور آٹے کے نرخوں پر عمل درآمد کے لیے فیلڈ میں فعال کردار ادا کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری جرمانے اور قانونی کارروائی کریں۔\378

متعلقہ عنوان :