سی سی ڈی کے مبینہ پولیس مقابلوں کا سلسلہ جاری ،2ملزمان ہلاک ،ایک زخمی حالت میں گرفتار

منگل 16 ستمبر 2025 14:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مبینہ پولیس مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ، مختلف کارروائیو ں میں 2ملزمان ہلاک اور ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔سی سی ڈی ذرائع کے مطابق یکی گیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں زیرحراست ملزم عامر ہلاک ہوا جو کہ ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

رائیونڈ روڑ، ایل ڈی اے کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک اور 2فرار ہو گئے۔موٹرسائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، کراس فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا، دو فرار ہو گئے۔ ہلاک ملزمان کی لاشیں مردہ خانے منتقل، فرار ہونے والوں کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب لاہور کے علاقے کاہنہ میں سی سی ڈی پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ملزم کی شناخت ساحل کے نام سے ہوئی ہے جو اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، واقعے کے فورا بعد زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے فرار ہونے والے تین ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان سنگین جرائم میں ملوث تھے جن کا ریکارڈ سی سی ڈی کے پاس موجود ہے۔علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس ٹیموں کو مختلف مقامات پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔