ڈی پی او مانسہرہ نے بہترین کارکردگی پر انچارج پولیس چوکی ٹاؤن شپ اے ایس آئی کیڈٹ رضوان کو تعریفی سند سے نوازا

منگل 16 ستمبر 2025 16:35

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انچارج پولیس چوکی ٹاؤن شپ اے ایس آئی کیڈٹ رضوان کو تعریفی سند سے نوازا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ نے اے ایس آئی رضوان سے تفصیلی میٹنگ کی، جس میں ٹاؤن شپ اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او مانسہرہ نے واضح احکامات جاری کئے کہ ہلڑ بازی، ون ویلنگ، پھٹے سائلنسر، اوباش نوجوانوں کی غیر اخلاقی سرگرمیوں اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والے ٹک ٹاکرز سمیت دیگر معاشرتی جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غلط پارکنگ، کالے شیشے والی گاڑیوں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جیسے مسائل پر بھی سختی سے ایکشن لیا جائے۔

مانسہرہ پولیس کی جانب سے ایسے تمام اقدامات جاری ہیں تاکہ ضلع بھر میں ٹریفک کا نظام بہتر اور جرائم کی روک تھام موثر انداز میں کی جا سکے۔ ڈی پی او نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لئے مربوط حکمت عملی اور سخت اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔