سٹریٹ کرائمز کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قائم ابابیل سکواڈ کے جوان ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں،ایس ایس پی آپریشنز

منگل 16 ستمبر 2025 16:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود احمد نے کہا ہے کہ سٹریٹ کرائمز کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قائم ابابیل سکواڈ کے جوان ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں ، اس سکواڈ کی کارکردگی میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے جسے بہتر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض کی انجام دہی کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک سعد شہید پولیس لائنز میں ابابیل سکواڈ کے جوانوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی عثمان خان اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز واجد شاہ خان بھی موجود تھے۔ایس ایس پی آپریشنز نے ابابیل سکواڈ کے جوانوں کو مزید جانفشانی اور مستعدی کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کےلئے قائم فرسٹ ریسپانڈرز ہونے کے ناطے ابابیل سکواڈ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں جنہیں خوش اسلوبی، جوانمردی اور عوامی خدمت کے جذبے سے ہی پورا کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابابیل سکواڈ کے جوان شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی و ہمدردانہ رویہ اپنائیں کیونکہ اسی رویے سے عوامی اعتماد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ناقابلِ برداشت ہے، کسی بھی غیر اخلاقی سرگرمی یا اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایس پی نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پولیس فورس پر عوامی اعتماد برقرار رہے۔

متعلقہ عنوان :