عمرکوٹ ، لمپی اسکن بیماری کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے وٹرنری ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیمیں علاقے میں بھجوا دیں، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک

منگل 16 ستمبر 2025 23:06

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ضلع عمرکوٹ میں مویشیوں میں لمپی اسکن بیماری کی وباء پھیلنے سے متعلق شائع ہونے ہونے والی خبروں کا محکمہ لائیو اسٹاک نے نوٹس لیتے ہوئے وٹرنری ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیمیں علاقے میں بھجوا دیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع عمرکوٹ کے مختلف چھوٹے بڑے قصبات میں مویشیوں میں لمپی اسکن بیماری کی وباء پھیلنے کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کا محکمہ لائیو اسٹاک سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک عمرکوٹ ڈاکٹر گھنیش کھتری کی نگرانی میں فوری طور پر نشاندہی کئے جانے والے قصبات میں مویشیوں کو ویکسین کرنے کیلئے ٹیمیں بھجوا دیں،ڈپٹی ڈائریکٹر کی نگرانی میں پہنچنے والی ٹیموں نے مویشی مالکان سے ملاقات کی اور مویشیوں کو ویکسین کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا،اس موقع پر محکمہ لائیو اسٹاک عمرکوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر گھنیش کھتری نے بتایا کہ اخبارات میں خبریں شائع ہونے کے بعد نشاندہی کئے جانیوالے ڈیزرٹ ایریاز سینھوئی درس،امان اللہ درس،فقیر عبداللہ،چاکر درس،نبی سر تھر،میرموری ودیگر متاثرہ قصبات میں ٹیمیں بھجوا کر مویشیوں میں ویکسین کا عمل شروع کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ تمام مویشیوں کو ویکسین کی جائے گی تاکہ اس مرض پر قابو پایا جا سکے،اس موقع پر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیموں نے مویشی مالکان کو امراض سے بچاؤ کیلئے مفید مشورے بھی دیئے۔

\378

متعلقہ عنوان :