لاہور ریلوے اسٹیشن پر عرصہ دراز سے صاف پانی ذخیرہ کرنے کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا گیا،ترجمان

منگل 16 ستمبر 2025 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) لاہور ریلوے اسٹیشن پر صاف پانی ذخیرہ کرنے کے دیرینہ مسئلے کا موثر حل کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے واٹر ٹینک ویگنوں کو جدید طرز پر2 لاکھ لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف20 ملین روپے کی تعمیراتی بچت ہوئی ہے بلکہ بجلی کے اخراجات میں بھی1.3 ملین روپے کی ماہانہ بچت ہوگی۔

اس منصوبے کے نتیجے میں صاف پانی کے ضیاع میں بھی خاطرخواہ کمی آئے گی اور ریلوے اسٹیشن پر پانی کی فراہمی کا نظام مزید مستحکم ہوگا۔مزید برآں شعبہ انجینئرنگ کی کوششوں سے محکمانہ لیبر کی مدد سے320 فٹ واشنگ لائن پلیٹ فارم بھی تعمیر کیا گیا ہے، جس سے واشنگ لائن کے آپریشنل معاملات میں بہتری آئے گی۔ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے صاف پانی کے مسئلے کے حل میں ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ مکینیکل میاں عبدالوقاص، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئرمحمد انجم سمیت دیگر افسران کی کاوشوں کو سراہا جبکہ واشنگ لائنز میں پلیٹ فارمز کی تعمیر کے حوالے سے ڈی ایس ریلوے لاہور نے ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر محمد انجم اور انسپکٹر آف ورکس یاسر عرفات کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے ویژن اور مشن کے مطابق ہیں جن سے اخراجات میں کمی کے ساتھ مسافروں کو ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔