تھانہ بھانہ ماڑی پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون ،متعدد ملزمان گرفتار

منگل 16 ستمبر 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) تھانہ بھانہ ماڑی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے متعدد ملزمان گرفتار کر لئے ۔کیپٹل سٹی پولیس تر جمان کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جرائم کے مکمل انسداد کے لیے افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات پر پشاور بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

ڈی ایس پی یکہ توت سرکل سعید الرحمان خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی عبد الحمید خان نے پولیس نفری کے ہمراہ مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جن میں متعدد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔کارروائیاں تھانہ بھانہ ماڑی کے حدود میں واقع رنگ روڈ، قمردین گڑھی، سٹیٹ اور دیگر علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

اس دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ 3 عدد رائفل، 3 عدد بندوق، 75 عدد پستول، متعدد میگزینز اور کارتوس برآمد کرلئے گئے ہیں،اسی طرح منشیات کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران کامیاب چھاپوں میں ملزمان سے 3130 گرام چرس، 1330 گرام آئس، 250 گرام ہیروئن اور 8 بوتل شراب بھی برآمد کرلی گئیں۔

گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختلف جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، جن کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔