ح*گوانگڑو میں پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس، دوطرفہ اقتصادی تعاون پر زور

گ* چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، قونصل جنرل سردار محمد

منگل 16 ستمبر 2025 20:45

ن*گوانگڑو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) چین کے شہر گوانگڑو میں ورلڈ میٹس جی زیڈ 2025 پاکستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ ایکسچینج کانفرنس" گوانگڑو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (GICC) میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں گوانگڑو کی کاروباری کمپنیوں کو پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے پالیسیوں کی وضاحت، منصوبہ جاتی روابط اور مقامی سطح پر عمل درآمد سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق یہ ایونٹ گوانگڑو دفترِ خارجہ کے زیرِ نگرانی جی آئی سی سی، پاکستان کے قونصل خانے (گوانگڑو) اور پاکستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اشتراک سے منعقد ہوا۔ چین اور پاکستان کی کاروباری انجمنوں اور اداروں کے 100 سے زائد نمائندگان نے اس میں شرکت کی تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی جا سکے اور عملی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قونصل جنرل سردار محمد نے کہا کہ حکومتِ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو نہایت اہمیت دیتی ہے اور چینی سرمایہ کاری ، خصوصاً مینوفیکچرنگ، توانائی اور ای کامرس کے شعبوں میں اس کا خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی تاجر بھی گوانگڑو میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، جن کی توجہ گھریلو سجاوٹ، آئی ٹی، اور نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں پر مرکوز ہے۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق بی ٹو بی میچ میکنگ سیشن کے دوران دونوں ممالک کی کمپنیوں نے مشترکہ منصوبوں اور شراکت داری کے امکانات پر گفتگو کی۔ زیرِ بحث شعبوں میں سرحد پار ای کامرس، گاڑیوں کی تیاری، دواسازی، تعمیراتی سامان، اسمارٹ ٹرانسپورٹ، تعلیمی ٹیکنالوجی، زرعی تحفظ، اور روایتی چینی طب شامل تھے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق تقریب کا اختتام ایک نیٹ ورکنگ سیشن اور پاکستانی آموں کے ذائقے کے ساتھ ہوا، جس نے شرکائ کو باہمی روابط مضبوط بنانے اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا موقع فراہم کیا