ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعہ تعلیمی معیار بہتر بنایا جائے ، تقریب سے مقررین کا خطاب

منگل 16 ستمبر 2025 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ڈائریکٹوریٹ آف لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن حکومت سندھ اور پارٹنر سماجی تنظیموں کے تعاون سے انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے موقع پر "پروموٹنگ لٹریسی اِن دی ڈیجیٹل ایرا" کے عنوان سے ایک پروقار تقریب ہوئی۔ مہمانِ خصوصی ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی تھے جبکہ ڈائریکٹر لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن سندھ عبدالجبار مری نے میزبانی کے فرائض انجام د یئے ۔

تقریب میں رائیٹ ٹو پلے، سیف، سی ایس ایس پی، اسپارک، سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن سمیت مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں، ماہرینِ تعلیم اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین جاوید حسین، عبدالحمید، تسلیم مگسی اور عبد الواحد سنگراسی نے نان فارمل ایجوکیشن کی اہمیت، مزدوربچوں،لڑکیوں کی تعلیم ، جبری مشقت کے خاتمہ اور سکول چھوڑنے والے بچوں کے مسئلہ سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعہ تعلیمی معیار بہتر بنانے، آن لائن مواد کی تیاری اور کمیونٹی میں اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈائریکٹر عبدالجبار مری نے بتایا کہ سندھ میں اس وقت پانچ ہزار نان فارمل ایجوکیشن سینٹرز فعال ہیں جہاں 99 فیصد انرولمنٹ ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بچے پڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں مزید 1500 سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ 9 سے 16 برس کے ایسے بچوں کو بھی تعلیم دی جا سکے جو ابھی تک اسکول سے باہر ہیں۔

تقریب میں طلبہ و طالبات نے ٹیبلوز اور اسٹیج شو پیش کئے ، جبکہ سماجی تنظیموں کی جانب سے چائلڈ لیبر، خواندگی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے متعلق دستاویزی فلمزدکھائی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو سرٹیفیکیٹس، شیلڈز اور تحائف بھی د یئے گئے۔

متعلقہ عنوان :