بھارتی حکومت کشمیر کی باغبانی کی صنعت کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، آغا روح اللہ

منگل 16 ستمبر 2025 21:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے کہاہے کہ بھارتی حکومت سرینگرجموں ہائی وے کی بحالی کے تئیں بے حسی دکھا کر کشمیر کی باغبانی کی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت باہر سے کم نرخوں پر پھلوں کی درآمد اور کبھی کبھی ہائی وے کو بلاک کر کے وادی کشمیر کی باغبانی کی معیشت کو درہم برہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو دیگر زرعی پیداوار کے ساتھ مل کر ریاست کے جی ڈی پی کا 75 فیصدحصہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ جموں سے آنے والی ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہے لیکن کشمیر سے جانے والے ٹرک ہائی وے پر پھنسے ہوئے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمیں اپنے حقوق سے محروم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ہمارے ٹرکوں کو ایک سازش کے تحت رو کاگیا تاکہ کشمیر کی مصنوعات سڑ جائیں۔آغا روح اللہ نے کہا چونکہ مغل روڈ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، امید ہے کہ جموں سرینگر ہائی وے بھی جلد بحال ہو جائے گی۔ انہوں نے ڈوڈ ہ کے رکن اسمبلی کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی پر کہاکہ جموں وکشمیر میں جو اپنے حق کی بات کرتا ہے وہ غیر محفوظ ہے۔ہمیں متحد ہو کر اس قانون کے خلاف لڑنا چاہیے۔