کامیابی کے لیے دلوںکو عشق مصطفی ﷺ سے روشن کرناہو گا ، پیر ہادی بخش صدیقی

منگل 16 ستمبر 2025 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)پیر طریقت، شیخ التفسیر والحدیث، مفتی اعظم،ابن الصدیق، حضرت علامہ مولانا محمد ہادی بخش صدیقی نقشبندی نے کہا ہے کہ جب تک امتِ مسلمہ کے دل عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے روشن نہیں ہوں گے، زوال کا سلسلہ تھمے گا نہیں۔ ذکرِ رسول ﷺ صرف نعت و محفل کا عنوان نہیں، بلکہ یہ ایک عملی نظامِ حیات ہے، جو ہمیں زندگی کے ہر میدان میں کامیابی عطا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ آج مسلمان مادّی ترقی کے پیچھے دوڑتے ہوئے روحانی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ نجات صرف اور صرف سچے عشقِ رسول ﷺ، سیرتِ نبوی ﷺ کی پیروی اور شریعت کی مکمل اطاعت میں ہے۔یہ ایمان افروز اور بیداری پیدا کرنے والا خطاب کراچی کے علاقے رسول بخش گوٹھ، نیو بسم اللّٰہ ہوٹل، لہرو میں منعقدہ عظیم الشان محفل ذکر مصطفی ﷺ میں کیا گیا، جس میں علماء کرام، مشائخ عظام، نعت خوان حضرات اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد ملک کے ممتاز نعت خوانوں نے نبی کریم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیے۔پورے اجتماع پر روحانیت اور عقیدت کا گہرا رنگ چھا گیا اور درود و سلام کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں۔اس بابرکت محفل کی سرپرستی پیر طریقت، رہبر شریعت، حضرت علامہ خلیفہ عبد المجید صدیقی نے فرمائی۔ آپ کی دعا پر محفل کا اختتام ہوا، جس میں امتِ مسلمہ کی فلاح، اتحاد، ملکی سلامتی اور دین کی سربلندی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

پیر محمد ہادی بخش صدیقی نے اپنے خطاب میں نوجوان نسل کو تلقین کی کہ وہ مغربی تہذیب کے فریب سے نکل کر سیرتِ رسول ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب قوموں کی بنیاد عشقِ مصطفیٰ ﷺ پر ہوتی ہے، تو ان کی شناخت دنیا میں مٹائی نہیں جا سکتی۔ شرکاء نے اجتماعی دعا میں شرکت کی اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی اس روح پرور فضا سے فیضیاب ہو کر رخصت ہوئے۔ منتظمین نے اس عظیم الشان محفل کے کامیاب انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اس تسلسل کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

متعلقہ عنوان :