Live Updates

سپیشل سیکرٹری محکمہ آبپاشی جنوبی پنجاب کا ملتان آبپاشی زون کی حدود میں واقع دھندو فلڈ بند پر قائم بریچنگ سائیٹ کا دورہ

منگل 16 ستمبر 2025 21:50

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) سپیشل سیکرٹری محکمہ آبپاشی جنوبی پنجاب کنور اعجاز خالق رزاقی نے ملتان آبپاشی زون کی حدود میں واقع دھندو فلڈ بند پر قائم بریچنگ سائیٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف انجینئر آبپاشی زون ملتان محمد نواز باجوہ، سپرنٹنڈنگ انجینئر میلسی کینال سرکل سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران سپیشل سیکرٹری نے متعلقہ انجینئرنگ اسٹاف، فیلڈ عملے اور کنٹریکٹر کو ہدایات جاری کیں کہ بریچ کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے اور تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے جلالپور پیر والا کے نزدیک واقع گیلانی ایکسپریس وے کے سیلاب سے متاثرہ مقام کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپرنٹنڈنگ انجینئر میلسی کینال سرکل کو ہدایات دیں کہ اس حساس مقام پراضافی عملہ تعینات کیا جائے اور دن رات کڑی نگرانی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے (نیشنل ہائی وے اتھارٹی) جیسے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تکنیکی رابطہ رکھا جائے اور سیلاب بارے سرگرمیوں کے دوران محکمہ آبپاشی کے تجربات اور مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے تاکہ انفراسٹرکچر کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ آبپاشی جنوبی پنجاب عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :