بنوں ، تھانہ میریان اور پولیس چوکی مزنگہ پر دہشتگردوں کے حملے ناکام

بدھ 17 ستمبر 2025 11:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) بنوں میں فتنۂ خوارج کے دہشتگردوں نے رات گئے تھانہ میریان اور چوکی مزنگہ پر بھاری ہتھیاروں سے حملے کیے تاہم پولیس کی بروقت، بہادرانہ اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث دونوں حملے پسپا کر دیئے گئے اور دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔بنوں پولیس تر جمان کے مطابق دہشتگردوں نے تھانہ میریان پر چاروں اطراف سے بھاری تعداد میں حملہ کیا مگر پولیس کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں فرار ہوگئے۔

تھانہ میریان کے بعد دہشتگردوں نے چوکی مزنگہ پر بھی حملہ کیا لیکن پولیس کی جوابی کارروائی کے باعث پسپائی پر مجبور ہوئے۔دونوں حملوں میں دہشتگردوں نے راکٹ لانچر اور دیگر بھاری ہتھیار استعمال کئے ۔پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران 4 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی،آر پی او بنوں کے مطابق حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں۔

آر پی او بنوں سجاد خان نے کہاکہ دہشتگردوں کی ایسے بزدلانہ کارروائیوں سے بنوں ریجن پولیس کے دلیر جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ پولیس اہلکار ہر دم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔