Live Updates

نوشہرو فیروز ،دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، کچے کے دیہات زیرِ آب، فصلیں تباہ

بدھ 17 ستمبر 2025 12:13

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث نوشہروفیروز میں دریائی حدود میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تحصیل مورو کے کچے کے علاقے میں درمیانے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں پانچ دیہاتوں میں پانی داخل ہوگیا ہے، جس سے مقامی آبادی شدید متاثر ہوئی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق سیلابی پانی کے گاؤں میں داخل ہونے کے بعد گھروں اور راستوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے۔

متاثرہ افراد اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں جبکہ خواتین، بچے اور بزرگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔سیلابی ریلے کے باعث گاؤں کے اطراف میں کاشت کی گئی کپاس اور تل کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں، جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ اگر پانی کا دباؤ مزید بڑھا تو مویشیوں اور دیگر کھڑی فصلوں کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ پر نظر رکھی جارہی ہے اور متاثرہ دیہات میں امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی تیاری کی جارہی ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کچے کے علاقوں سے بروقت انخلا کریں اور اپنی قیمتی اشیاء کو محفوظ مقامات پر منتقل کرلیں۔ادھر مقامی رہائشیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں اور راشن فراہم کیا جائے تاکہ متاثرین کو ریلیف مل سکے اور مزید نقصان سے بچاؤ کے اقدامات کیے جا سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :