اینٹی کرپشن سرگودھا کی کارروائی، تحصیلدار بھکر کا نائب قاصد رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

بدھ 17 ستمبر 2025 17:02

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) محکمہ اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے تحصیلدار بھکر کے نائب قاصد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن کی ریڈنگ ٹیم نے امیر عبداللہ خان سرکل آفیسراینٹی کرپشن بھکر کی نگرانی میں ریڈ کر کے ملزمان کو گرفتار کیا، ملزم نے مدعی مقدمہ کی رجسٹری پاس کروانے کے لیے20ہزار روپے رشوت وصول کی تھی۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب اورحکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا مدثر حنیف بھٹی کی نگرانی میں ڈویژن بھر میں کرپٹ مافیاء کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کا کریک ڈاؤن شروع کیا ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق محمد صابر ولد نور محمد سکنہ ہائے موضع کرم خان ضلع بھکر نے درخواست گزاری کہ پلاٹ کی رجسٹری پاس کروانے کے لیے تحصیلدار بھکر کا نائب قاصد محمد جبار20 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر اینٹی کرپشن کی ٹیم نے کہا کہ آپ رشوت نہ دیں بلکہ ملزم کو رشوت دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کروائیں۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا نے سرکل آفیسراینٹی کرپشن بھکرامیرعبداللہ خان کو ریڈ کرنے کا حکم دیا جس پرسرکل آفیسربھکر نے اپنی ریڈنگ ٹیم کے ہمراہ اور جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اسلم کی نگرانی میں ریڈ کرکے نائب قاصد محکمہ مال بھکر محمد جبار کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے20 ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لئے گئے۔اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ملزم کے خلاف رشوت لینے کے جرم میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :