حکومت چاہے تو ڈاکٹر عافیہ چند روز میں واپس آ سکتی ہے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

بدھ 17 ستمبر 2025 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کی عالمی سطح پر جدوجہدکے سلسلے میں ان کی بہن اور عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹرفوزیہ صدیقی کا برطانیہ کا دورہ جاری ہے۔انہوں نے مانچسٹر اور لیسٹرکے بعد لندن اور بیڈفورڈشائرلیوٹن میں منعقدہ تقاریب میں بھی شرکت کی ۔ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے برطانیہ میں مقیم پاکستانی بڑی تعداد میں ان تقاریب میں شرکت کررہے ہیں اور برطانیہ میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا ہر جگہ پرتپاک استقبال کیا جارہا ہے۔

شرکاء ڈاکٹر عافیہ پر ڈھائے گئے مظالم کی داستان سن کر آبدیدہ ہوجاتے ہیں اور اپنے حکمرانوں اور ریاستی حکام کی بے حسی پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ دیار غیر میں ہونے کی وجہ سے وہ ملک کے موجودہ حالات کا صحیح طور پر ادراک کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکومت اگر چاہے تو وہ بہت کچھ کر سکتی ہے، حکومت اگر چاہے تو عافیہ کو چندروز میں وطن واپس لا کر اس کے گھر پہنچا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں شامل تمام جماعتوں کے رہنما عافیہ کو قوم کی بیٹی قرار اوراس کی رہائی کاوعدہ کرچکے ہیں۔ دیگر مقررین میں کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ، جمال رچرڈ، قاری اسحاق جست و دیگر بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیو اسمتھ نے کہا کہ وہ عافیہ کو رہا کرانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم ڈاکٹر عافیہ کو رہا کراسکیں گے، اس کا جواب وقت دے گا۔ جمال رچرڈ اور قاری اسحاق سمیت دیگر مقررین نے بھی عافیہ صدیقی کی حالت زار پر اظہار خیال کیا اور ان پر غیر انسانی تشدد اور ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کی۔