ڈی پی او صوابی کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کاانعقاد،مختلف جرائم میں ملوث عناصرکے سخت کارروائی کی ہدایت

بدھ 17 ستمبر 2025 22:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی ضیاء الدین احمد کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی انویسٹی گیشن صوابی افتخار علی،ایس ڈی پی اوز ، تمام ایس ایچ اوز اورتفتیشی افسران نے شرکت کی۔ڈی پی او صوابی نے میٹنگ کے دوران تھانوں کی انفرادی کارکردگی، اندراج مقدمات، اشتہاری و مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور سنگین مقدمات سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔

ڈی پی او صوابی ضیاء الدین احمدنے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ زیر التوا مقدمات کو بروقت نمٹایا جائے۔لینڈ مافیا، منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ اسی طرح ہوائی فائرنگ اور سوشل میڈیا پر بے حیائی پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ تفتیش مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے کیونکہ میرٹ پر تفتیش ہی غریب اور مظلوم عوام کو حقیقی داد رسی فراہم کر سکتی ہے۔

ڈی پی او صوابی نے مجرمان اشتہاریوں اور مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کے احکامات بھی دیے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محکمہ پولیس میں سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا۔ اچھے کام کو سراہا جائے گا جبکہ ناقص کارکردگی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔