راولپنڈی میں منشیات، شراب اور ناجائز اسلحہ کے خلاف پولیس کی کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار

بدھ 17 ستمبر 2025 18:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن "ڈرگ فری پنجاب" اور سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات، غیرقانونی شراب اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات، شراب اور اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 4 منشیات سپلائر گرفتار کر کے ساڑھے 10 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی۔

رتہ امرال پولیس نے ایک ملزم سے 5 کلوگرام، نصیر آباد پولیس نے ایک ملزم سے 2 کلو 400 گرام، واہ کینٹ پولیس نے ایک ملزم سے 1 کلو 660 گرام جبکہ گوجرخان پولیس نے ایک ملزم سے 1 کلو 650 گرام چرس برآمد کر کے الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پولیس نے شراب فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 87 لیٹر شراب برآمد کی۔

تھانہ بنی پولیس نے تین ملزمان سے 28 لیٹر، پیرودھائی پولیس نے ایک ملزم سے 20 لیٹر، وارث خان پولیس نے ایک ملزم سے 20 لیٹر اور گوجرخان پولیس نے دو ملزمان سے 19 لیٹر شراب برآمد کی۔اسی طرح ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف آپریشن کے دوران 10 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ یہ کارروائیاں بنی، گنجمنڈی، پیرودہائی، وارث خان، چکلالہ، مورگاہ، جاتلی اور کلرسیداں کے علاقوں میں کی گئیں۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ منشیات، شراب اور ناجائز اسلحہ کے ناسور کے خاتمے کے لیے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ڈویژنل ایس پیز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔