چیف انجینئر میپکوکی بوریوالہ میں عوامی سماعت،بجلی کے تقسیمی نظام کی اپ گریڈیشن کے کیسز فی الفور مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 17 ستمبر 2025 21:53

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) چیف انجینئر ڈسٹری بیوشن میپکو محمد شہزاد راعی نے کہا ہے کہ بوریوالہ، میلسی اور وہاڑی میں بجلی کے تقسیمی نظام کی اپ گریڈیشن کے کیسز فی الفور مکمل کئے جائیں تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔،صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مسجد سیٹلائٹ ٹاؤن بوریوالہ میں منعقدہ عوامی سماعت کے دوران کیا، جہاں انہوں نے سپریٹنڈنگ انجینئر وہاڑی سرکل ملک وسیم اختر کے ہمراہ صارفین کی شکایات سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے احکامات جاری کئے ۔چیف انجینئر نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمرشل منیجر سید حسن بلال گیلانی، ایکسین بوریوالہ ڈویژن اکرم جاوید، ریونیو آفیسر بوریوالہ ڈویژن اور تمام ایس ڈی اوز موجود تھے۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن، ٹوٹے ہوئے بجلی کے کھمبوں کی تبدیلی، تاروں کی نئی تنصیب اور نئے کنکشنز کی زیر التواء درخواستوں پر فوری عمل کیا جائے جبکہ خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کو بروقت مرمت کے لیے ری کلیمیشن ورکشاپ بھیجا جائے۔

متعلقہ عنوان :