صوابی ،پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنیوالے 4ملزمان گرفتار کرکے ،قبضے سے 4عدد کلاشنکوف برآمد کر لی

بدھ 17 ستمبر 2025 19:19

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)صوابی کی تھانہ یارحسین پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے چار ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چار عدد کلاشنکوف برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایسے عناصر جو اسلحہ کی نمائش سوشل میڈیا پر کر کے معاشرے میں بگاڑ پیدا کر رہے ہیں، ان کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ یارحسین سیف اللہ خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کلاشنکوف کی نمائش کرنے والے چار ملزمان اسرار خان،محمد اویس،سید علی شاہ اور خذیفہ ساکنان یعقوبی کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کے قبضے سے نمائش کیلئے استعمال ہونے والی چار عدد کلاشنکوف بھی برآمد کرلی گئیں۔گرفتار ملزمان نے کلاشنکوف لہراتے ہوئے ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا تھا۔ڈی پی او صوابی ضیا الدین احمدنے کہا ہے کہ اسلحہ کلچر کے فروغ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ ایسے منفی عناصر کی نشاندہی کرکے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔