علماکرام ریاست کے اندر انتشار روکنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ڈپٹی کمشنرباغ

بدھ 17 ستمبر 2025 19:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت نے کہا ہے کہ علمائے کرام نے ہمیشہ معاشرے کی اصلاح اور انتشار کو روکنے کیلئے اہم کردار ادا کیا ،باغ کی پر امن فضا کو ہم سب نے ملکر قائم رکھنا ہے جس میں علماے کرام صف اول میں ہیں، علما اجتماعات میں عوام کو ریاست کے اندر افراتفری پھیلانے والوں کے ایجنڈے کو بے نقاب کریں، ریاست کے اندر امن اور مسائل کے پر امن حل کے لیے تمام مکاتب کو ملکر کردار ادا کرنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماے کرام کےساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی باغ چوہدری امین، انفارمیشن آفیسر سردار پرویز،تحصیل مفتی ادریس چغتائی، تمام مکاتب فکر کے علماے کرام سمیت دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علماء کرام وہ طبقہ ہیں جن پر عوام نا صرف اعتماد کرتے ہیں بلکہ انہیں معاشرے کا سب سے معتبر حصہ مانتے ہیں ،باغ کے علماکرام نے ہمیشہ ہر منفی سرگرمی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین جو سوشل میڈیا سمیت کسی بھی جگہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی بات کریں گے انکے خلاف ریاست بلا تخصیص کاروائی کرے گی، ریاست کے اندر افراتفری پھیلانے کی کسی مکتبہ فکر کو اجازت نہیں جو بھی قانون کے خلاف جاے گا قانون اسکے خلاف اپنا راستہ بنائے گا۔

اجلاس میں علماے کرام نے انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔