سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس ،ڈرائیورز کی جانب سے گرین بس پر حملہ کے واقعہ کی تحقیقات کا فیصلہ

بدھ 17 ستمبر 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ دنوں گرین بس پر لوکل بس ڈرائیورز کے حملے کے واقعہ کے بارے بات چیت کی گئی ۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر بی پی پی پی اے ڈاکٹر فیصل خان ،ڈائریکٹر جنرل بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد بلوچ ، سیکریٹری پی ٹی اے وحید عمرانی اور سیکریٹری آر ٹی اے کوئٹہ علی درانی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ایف ایم موورز (گرین بس سروس)کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے واقعہ کی مکمل تفصیلات پیش کیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ واقعہ کی باضابطہ انکوائری کی جائے گی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے انکوائری افسر پہلے ہی نامزد کر دیا ہے جو جلد رپورٹ پیش کرے گا۔ مزید یہ بھی طے پایا کہ رپورٹ کی روشنی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی سفری سہولیات کے تحفظ اور شہریوں کو بہتر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی اور کسی کو بھی عوامی سہولت کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔