ایبٹ آباد،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ سٹیرنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن کا اجلاس،معیاری تعلیم کی فراہمی پر زور

بدھ 17 ستمبر 2025 21:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ سٹیرنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت بدھ کے روز ڈسٹرکٹ سٹیرنگ کمیٹی برائے محکمہ ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد ضلعی سطح پر تعلیمی نظام میں بہتری،سکولوں میں سہولیات کی فراہمی،اساتذہ و طلبہ کی حاضری،صفائی اور درپیش مسائل کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی فائزہ شفیع نے خصوصی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ،ڈی ای او میل،فیمیل،سی اینڈ ڈبلیو،ڈپٹی ڈی ای اوز،ایس ڈی اوز،اے ایس ڈی ای اوز اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،اس مقصد کے حصول کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم اور ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ تمام سکولوں میں مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اساتذہ کی حاضری،طلبہ کو تعلیم کے بہتر مواقع اور تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں گزشتہ سٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی،اس کے علاوہ سکولوں میں درپیش مسائل جیسے کہ پانی و بجلی کی فراہمی، سکولوں کی مرمت، صفائی اور سرکاری زمین پر قبضے کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔