uنویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو27 سے ستمبرلاہور میں شروع ہو گی

ذ*یہ ایکسپوچین پاک صنعتی تعاون کے لیے اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی

بدھ 17 ستمبر 2025 21:30

Pلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء)سرگودھا یونیورسٹی اور ایوریسٹ انٹرنیشنل کے اشتراک سے نویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2025 کا انعقاد 27 سے 29 ستمبر کو ایکسپو سینٹر لاہور میں کیا جائے گا۔ یہ ایکسپو ایک بار پھر چین-پاکستان صنعتی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ گوادر پرو کے مطابق سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان انڈسٹریل ایکسپو گزشتہ آٹھ برسوں سے صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور کاروباری شراکت داریوں کو فروغ دینے کا مرکز بن چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2025 کے ایڈیشن کی میزبانی یونیورسٹی کی صنعت و تعلیم کے روابط مضبوط بنانے اور چینی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق 2017 میں آغاز کے بعد سے، یہ ایکسپو جنوبی ایشیا کی نمایاں ترین صنعتی نمائشوں میں سے ایک بن چکی ہے، جس میں مشینری، توانائی، ٹیکنالوجی، تعمیراتی سامان، اور انجینئرنگ جیسے شعبوں سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں چینی اور پاکستانی کمپنیاں شرکت کرتی ہیں۔

ہر سال ہزاروں افراد، بشمول سرمایہ کار، کاروباری افراد، اور طلبائ اس نمائش کا دورہ کرتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق 2025 کے ایڈیشن میں بھی ایوریسٹ انٹرنیشنل کی جانب سے نمائش کنندگان اور زائرین کے درمیان ہدفی کاروباری روابط قائم کرنے کے لیے خصوصی میچ میکنگ سروسز فراہم کی جائیں گی، تاکہ عملی کاروباری نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ منتظمین کے مطابق یہ ایکسپو صنعتی نیٹ ورکنگ، اختراع، اور عالمی شراکت داریوں کے لیے سب سے معتبر پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

ایوریسٹ انٹرنیشنل کے مینجنگ پارٹنر ارمغان مقیم نے صنعت کاروں کو ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، توانائی، انجینئرنگ، اور تجارت میں "لامحدود مواقع" تلاش کرنے کی دعوت دی اور چین-پاکستان دوستی کو فروغ دینے اور کاروباری افق کو وسعت دینے میں اس ایکسپو کے کردار کو اجاگر کیا۔ گوادر پرو کے مطابق سرگودھا یونیورسٹی نے ہمیشہ سے اس وڑن کی حمایت کی ہے جس کا مقصد صنعت کو تعلیمی اداروں سے جوڑنا ہے۔

گزشتہ برس 2024 میں 8ویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو میں 300 سے زائد پاکستانی اور چینی کمپنیوں نے شرکت کی تھی، جبکہ 2023 میں 7ویں ایڈیشن میں بھی 250 سے زائد کمپنیوں نے ٹیکنالوجی، تجارت، اور مینوفیکچرنگ میں تعاون کے مواقع پیش کیے تھے۔ گوادر پرو کے مطابق 2025 کی ایکسپو سے توقع ہے کہ یہ براہ راست کاروباری روابط( بی ٹو بی)، تجارتی حجم میں اضافہ، اور پاکستان کے صنعتی منظرنامے میں جدید چینی ٹیکنالوجیز اور سرمایہ کاری کے ماڈلز متعارف کرانے میں مدد دے گی