پشاورسپورٹس کمپلیکس کے تمام یونٹس میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے سپرے مکمل

بدھ 17 ستمبر 2025 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخواہ تاشفین حیدر کی خصوصی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر یوسف آفریدی کی نگرانی میں پشاور اسپورٹس کمپلیکس کے تمام یونٹس میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی سپرے مکمل کر لیا گیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخواہ تاشفین حیدر نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی صحت و سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، یہی وجہ ہے کہ صوبے بھر کے اسپورٹس کمپلیکسز میں صفائی ستھرائی اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے عوام اور کھلاڑیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کی ہدایات پر عمل کریں اور صفائی ستھرائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ نے بتایا کہ کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کمپلیکس کے تمام حصوں کو جراثیم کش اسپرے کے ذریعے مکمل طور پر صاف کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں، کوچز اور تماشائیوں کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانا نہایت ضروری ہے اور اس حوالے سے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھا رہا ہے۔مزید برآں انہوں نے مزید بتایا کہ سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ کھلاڑی اور عوام اس مرض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔