ٹیچنگ ہسپتال خضدار کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کے لئے 16 کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ مکمل

بدھ 17 ستمبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ٹیچنگ ہسپتال خضدار کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کے لئے 16 کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا، منصوبے پر 3 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی جس سے ہسپتال کو مسلسل بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، خاص طور پر آپریشن تھیٹر (او ٹی) میں بجلی کی دستیابی سے طبی خدمات میں بہتری آئے گی۔

منصوبے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی اور کیسکو ایکسئین سیف اللہ بلوچ نے کیا۔ منصوبے کا ابتدائی خاکہ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ نے اس وقت تیار کیا جب وہ ڈپٹی کمشنر خضدار کے عہدے پر تعینات تھے۔ سابق ڈپٹی کمشنر خضدار بشیر احمد بڑیچ اور کیسکو ٹیم نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی لی اور اسے آگے بڑھایا۔

(جاری ہے)

موجودہ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی اور ایگزیکٹو انجینئر آپریشن کیسکو خضدار سیف اللہ بلوچ کی سربراہی میں کیسکو ٹیم نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

کیسکو کی تکنیکی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور معیاری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اس 16 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن کو بچھایا جو ہسپتال کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیئے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔یہ منصوبہ خضدار کے ٹیچنگ ہسپتال کے لیئے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا، کیونکہ اب تک ہسپتال کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس سے مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی عمل متاثر ہوتے تھے۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی بدولت ہسپتال میں نہ صرف آپریشن تھیٹر بلکہ ایمرجنسی وارڈ، آئی سی یو اور دیگر اہم شعبوں میں بھی بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

متعلقہ عنوان :