[ایچ پی وی ویکسین محفوظ اور مفید ہے، بشیر بڑیچ

جمعرات 18 ستمبر 2025 03:05

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا ہے کہ ایچ پی وی(HPV) ویکسین محفوظ اور مفید ہے، سوشل میڈیا پر اس کے خلاف پھیلائی گئی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ویکسین دنیا کے 149 سے زائد ممالک میں استعمال ہو رہی ہے اور عالمی ادارہ صحت سمیت طبی ماہرین اس کی افادیت کی توثیق کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ ویکسین 9 سے 15 سال کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کے لیے دی جائے گی اور بلوچستان میں 2027 سے ویکسینیشن مہم کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے آغاز پر وہ سب سے پہلے اپنی بچیوں کو یہ ویکسین لگوائیں گے اور والدین پر زور دیا کہ وہ بھی اپنی بچیوں کو یہ ویکسین ضرور دلائیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی صحت کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، ضلع کیچ میں ہر ماہ 15 کروڑ روپے سے زائد صحت پر خرچ کیے جا رہے ہیں اور ہر شہری کے لیے صحت کارڈ بھی جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور اپنی بچیوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اس مہم کا حصہ بنیں