م*رحیم یار خاں،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل الرحمٰن کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ

{ضلعی انتظامیہ اورڈی ڈی ایم اے کے تعاون سے ریسکیو 1122 نے حادثات اور سانحات کی مؤثر کوریج اور ان کے نقصانات و خدوخال کا درست اندازہ لگانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کا سلسلہ شروع کردیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 03:05

۔ رحیم یار خاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل الرحمٰن کی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں ضلعی انتظامیہ اورڈی ڈی ایم اے کے تعاون سے ریسکیو 1122 رحیم یار خان نے حادثات اور سانحات کی مؤثر کوریج اور ان کے نقصانات و خدوخال کا درست اندازہ لگانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ضلعی ریسکیو میڈیا کوآرڈینیٹر عدنان شبیر کو ڈرون کیمرے کے استعمال اور آپریشن کی خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ تربیت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے اعلیٰ افسران مبین ارشد اور زوہیب کی مہارت و رہنمائی کے تحت جاری ہے، جس کا مقصد بڑے حادثات اور ہنگامی صورتحال میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے درست ڈیٹا اکٹھا کر کے ضلعی انتظامیہ کو فوری اور جامع بریفنگ فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 اپنی شاندار خدمات کو مزید جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے نہ صرف حادثات کی بروقت کوریج کر رہا ہے بلکہ مؤثر اور منظم انتظام کاری کے تحت متاثرہ علاقوں میں تیز اور مربوط امدادی کارروائیاں بھی ممکن بنا رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے اس استعمال سے سانحات کی شدت کا صحیح تعین، نقصانات کا بروقت اندازہ اور ریسکیو آپریشنز کی مؤثر حکمتِ عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل الرحمٰن نے کہا کہ:"ریسکیو 1122 کا مقصد عوامی خدمت کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے امتزاج سے مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکے۔"