چین میں جاپانی جارحیت کے خلاف جنگ کے آغاز کی یاد میں تقریب، سائرن بجائے گئے

جمعرات 18 ستمبر 2025 09:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) چین کےشہر شینیانگ میں سائرن بجا کر اور گھنٹیاں بجا کر 18 ستمبر کے واقعے کی 94ویں برسی منائی گئی، جو جاپانی جارحیت کے خلاف چین کی مزاحمتی جنگ کے آغاز کی علامت ہے۔شنہوا کے مطابق تقریب میں سینکڑوں افراد، جن میں جنگی تجربہ کار، ان کے رشتہ دار اور دیگر شہری شامل تھے، 9.18 تاریخی میوزیم کے باہر واقع چوک میں جمع ہوئے تاکہ ان شہداء اور مجاہدین کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے جنہوں نے جاپانی حملہ آوروں کے خلاف مزاحمت کی۔

صبح 9 بج کر 18 منٹ پر، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 14 نمائندوں نے ایک بڑی گھنٹی کو 14 مرتبہ بجایا، جو اس 14 سالہ طویل جدوجہد کی نمائندگی کرتا ہے جو چین نے جاپانی جارحیت کے خلاف کی۔

(جاری ہے)

پورے شہر میں تین منٹ تک فضائی حملے کے سائرن اور گاڑیوں کے ہارن بجائے گئے، جبکہ راہگیر خاموش کھڑے ہو کر احتراماً خراج پیش کرتے رہے۔یہ روایت 1995 سے جاری ہے، جب سے شینیانگ میں ہر سال 18 ستمبر کو سائرن بجا کر اس واقعے کی یاد منائی جاتی ہے۔یاد رہے کہ 18 ستمبر 1931 کو جاپانی فوج نے شینیانگ کے قریب اپنے زیرِ کنٹرول ریلوے کا ایک حصہ دھماکے سے اُڑا دیا اور اس کا الزام چینی فوج پر ڈال کر رات کے وقت اُن پر حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ جاپان کی چین پر پیشگی منصوبہ بند جارحیت کا آغاز تھا۔