سعودی عرب ،سائبر سکیورٹی مارکیٹ کے حجم میں 14 فیصد اضافہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) سعودی عرب میں سائبر سکیورٹی مارکیٹ کے حجم میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی قومی سائبر سکیورٹی اتھارٹی نے گزشتہ روز مملکت میں سائبر سکیورٹی کے معاشی اشاریئے 2025 کی رپورٹ جاری کی جس میں سائبر سکیورٹی کی مارکیٹ کا حجم، اس کے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی ) میں کردار اور افرادی قوت کے نمایاں اشاریوں کا جائزہ پیش کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں سائبرسکیورٹی کی مارکیٹ کے حجم میں 2024 کے دوران 14 فیصد اضافہ ہوا ہے جہاں سرکاری و نجی شعبے کا کل خرچ سائبر سکیورٹی مصنوعات و خدمات پر تقریباً 15.2 ارب ریال رہا ہے۔ اس میں سرکاری شعبے کا خرچ 4.8 ارب ریال (32 فیصد) جبکہ نجی شعبے کا خرچ 10.3 ارب ریال (68 فیصد) رہا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ مارکیٹ کی ترقی ان اقدامات کا نتیجہ ہے جنہوں نے سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ماحول فراہم کیا اور مسابقت کو فروغ دیا نیز حکومتی و نجی شعبے کے مابین انضمام نے اس شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024 کے دوران سائبر سکیورٹی کے شعبے کا مجموعی قومی پیداوار میں حصہ 18.5 ارب ریال تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔ اس میں 9 ارب ریال براہِ راست خدمات و مصنوعات فراہم کرنے والوں سے اور 9.5 ارب ریال بالواسطہ ذرائع سے شامل ہیں۔ یہ کل جی ڈی پی کا 0.40 فیصد اور غیر تیل پیداوار کے جی ڈی پی کا 0.71 فیصد بنتا ہے۔ اس شعبے میں خواتین کی شمولیت 32 فیصد سے زائد رہی جو عالمی اوسط (24 فیصد) سے کہیں زیادہ ہے۔