پنجاب میں سموگی وہیکلز کے خلاف کاروائیوں میں 243فیصد اضافہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 13:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سموگ فری پنجاب ویژن کے تحت ٹریفک پولیس کی ماحولیاتی آلودگی/سموگ کے تدارک کیلئے ریکارڈ کاروائیاں جاری ہیں، گزشتہ سال کی نسبت سال 2025ء میں سموگی وہیکلز کے خلاف کاروائیوں میں 243فیصد اضافہ ہوا ۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کے احکامات پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلافِ ریکارڈ کاروائیاں جاری کی گئیں ۔

رواں سال 2لاکھ 68ہزار سے زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ، دھواں چھوڑنے والی 315گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیے گئے، ماحولیاتی الودگی میں اضافہ کرنے والی 475گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کیے گئے ،ماحولیاتی الودگی میں اضافہ کرنے والی 144گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ، 47ہزار 600سے زائد گاڑیوں کو دھواں چھوڑنے پر بند کیا گیا۔

(جاری ہے)

30ہزار سے زائد ریت مٹی سے لوڈڈ آن کورڈ ٹریکٹر ٹرالیاں کو آلودگی کا باعث بننے پر بھاری جرمانے کیے گئے ۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ سموگ فری پنجاب کے لیے سیزن کے اغاز سے ہی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 2000جرمانہ اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ، وزیراعلی پنجاب کے ویژن پر ماحولیاتی الودگی کے خاتمے کے لیے ٹریفک پولیس اہم کردار ادا کر رہی ہے،تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز متحرک ہو کر سموگ فری پنجاب کے لیے کام کریں۔ انہوںنے کہاکہ گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں بے تحاشہ بیماریوں اور ماحولیاتی الودگی کا باعث بنتا ہے،گاڑیوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں کا خاتمہ عوام کے تعاون سے مشروط ہے۔