کوئٹہ میں انسداد ملاوٹ مہم، بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ ثابت ہونے پر 2 مراکز کو سیل کر دیا

جمعرات 18 ستمبر 2025 14:41

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کی خالص دودھ اور ڈیری مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر انسدادِ ملاوٹ مہم جاری ہے، مہم کے تحت ڈیری فارمز، ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑیوں پر اچانک چھاپے مارے گئے اور نمونے لیبارٹری کے لیے ارسال کیے گئے۔بی ایف اے کے ترجمان کے مطابق مہم میں 28 دکانوں اور 25 دودھ بردار گاڑیوں سے کل 8,760 لیٹر دودھ و دہی کے نمونے جمع کر کے جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجے گئے۔

فوری معائنے کے دوران 140 لیٹر ناقص دودھ اور دہی موقع پر تلف کر دی گئی جبکہ ملاوٹ ثابت ہونے پر 2 مراکز کو سیل کر دیا گیا۔ متعدد دودھ فروشوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے اور ملوث سپلائر کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔

(جاری ہے)

بی ایف اے کے چیئرمین حاجی نور محمد دمڑ نے کہاکہ"عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں۔ ہمارا مشن ہے کہ بازار میں صرف معیاری اور ملاوٹ سے پاک ڈیری مصنوعات دستیاب ہوں۔

ملاوٹ کرنے والوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔"صوبائی وزیرِ خوراک نے بھی مہم کی حمایت کی اور اعلان کیا کہ دودھ و ڈیری مصنوعات کی کوالٹی بہتر بنانے کے لیے نگرانی مزید سخت کی جائے گی اور یہ انسدادِ ملاوٹ مہم دیگر اضلاع تک بھی پھیلا دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک دودھ یا ڈیری مصنوعات کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔بی ایف اے نے واضح کیا ہے کہ آئندہ بھی وقتاً فوقتاً چھاپے اور نمونہ جات کی جانچ جاری رکھی جائے گی تاکہ مارکیٹ میں فروخت ہونے والی اشیائے خوردونوش کی حفاظت اور معیار کی یقین دہانی ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :