جاپان، سافٹ بینک گروپ کا فلیگ شپ ویژن فنڈ کے 20 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان

جمعہ 19 ستمبر 2025 11:10

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) جاپان کی انویسٹمنٹ کمپنی سافٹ بینک گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے فلیگ شپ ویژن فنڈ کے 20 فیصد ملازمین کو فارغ کر رہا ہے تاکہ بانی ماسایوشی سون کے امریکا میں بڑے پیمانے پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے منصوبوں پر زیادہ وسائل مرکوز کیے جا سکیں۔رائٹرز کے مطابق یہ بات ایک میمو اور منصوبے سے واقف ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔

رائٹرز نے بتایا کہ یہ کٹوتیاں 2022 کے بعد ویژن فنڈ میں تیسری مرتبہ کی جا رہی ہیں، اس وقت ویژن فنڈ کے دنیا بھر میں 300 سے زائد ملازمین ہیں تاہم اس بار برطرفیاں اس وقت ہو رہی ہیں جب فنڈ نے حال ہی میں جون 2021 کے بعد اپنی بہترین سہ ماہی کارکردگی ظاہر کی ہے جس میں این ویڈیا اور جنوبی کوریا کی ای کامرس کمپنی کوپینگ کے حصص سے حاصل ہونے والے منافع شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسٹارٹ اپس میں وسیع سرمایہ کاری کے پرانے ماڈل سے ہٹ کر زیادہ تر وسائل سون کے پرعزم اے آئی منصوبوں کو دینا ہے جن میں مجوزہ 500 ارب ڈالر کا اسٹارگیٹ پراجیکٹ بھی شامل ہے، جو اوپن اے آئی کے اشتراک سے امریکا میں بڑے پیمانے پر ڈیٹا سینٹرز کا نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے ہے۔ویژن فنڈ کے ترجمان نے ملازمین میں کمی کی تصدیق کی مگر تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

بیان میں کہا گیاکہ ہم اپنی طویل مدتی حکمت عملی پر عمل کے لیے ادارے میں مسلسل تبدیلیاں کرتے رہتے ہیں جس کا مقصد اے آئی اور جدید ٹیکنالوجیز میں جرات مندانہ سرمایہ کاری اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے طویل مدتی قدر پیدا کرنا ہے۔سون اب تیزی سے اے آئی ماڈلز اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ لگا رہے ہیں اور گزشتہ 12 ماہ میں ویژن فنڈ 2 کے ذریعے OpenAI میں 9.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکے ہیں جس کے زیر انتظام اس وقت تقریباً 65.8 ارب ڈالر ہیں۔

متعلقہ عنوان :