پنجاب کے شمالی اضلاع میں چنے کی کاشت کا بہترین وقت 25 ستمبر تا 15 اکتوبرہے،نظامت زرعی اطلاعات

جمعہ 19 ستمبر 2025 14:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) پنجاب کے شمالی اضلاع سیالکوٹ،گجرات،جہلم،راولپنڈی،اٹک اور چکوال میں چنے کی کاشت کا بہترین وقت 25 ستمبر تا 15 اکتوبر ہے تاہم تھل کے علاقہ میں اکتوبر چنے کی کاشت کےلئے موزوں ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ وقت پر کاشت کی جانے والی فصل زیادہ پیداوار دیتی ہے اور اگیتی کاشت نباتاتی بڑھوتری کا سبب بنتی ہے جبکہ پچھیتی کاشت سے پودے کم نشوونما پاتے ہیں جس سے پیداوار متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو بارانی علاقوں میں چنے کی منظور شدہ سفید یا قابلی اقسام سی ایم 2008، نور 2009، ٹمن اور نور 91 اور دیسی چنے کی اقسام پنجاب چنا 2000، بلکسر2000 اور ونہار 2000 وغیرہ کاشت کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وقت پر کاشت کی جانے والی فصل زیادہ پیداوار دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار بارانی علاقوں میں بہتر پیداواری صلاحیت کی حامل اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی منظور شدہ اقسام کی کاشت یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ چنے کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کےلئے پودوں کی تعداد 85 سے 95 ہزار فی ایکڑ ہونی چاہیے جبکہ پودوں کی مطلوبہ تعداد حاصل کرنے کے لیے 20 سے 30 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کر نا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار موٹے دانے والی اقسام کیلئے 30کلو گرام، درمیانے دانے والی اقسام کیلئے 25 کلو گرام اور باریک دانے والی اقسام کیلئے 20 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیج صاف ،خالص اور صحت مند ہونا چاہیے۔انہوں نے بتایاکہ چنا موسم ربیع کی ایک اہم فصل ہے اور چونکہ چنے کی فصل خشک سالی کا کافی حد تک مقابلہ کر سکتی ہے اس لئے اس کو عام طور پر بارانی علاقوں میں کاشت کیاجاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :