فیصل آباد ، ڈپٹی کمشنر کی ڈینگی وائرس کے خطرات سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل کی ہدایت

جمعہ 19 ستمبر 2025 14:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) موجودہ موسم لاروا کی افزائش اور پھیلاؤ کیلئے سازگارہے لہٰذا تمام متعلقہ اداروں کوڈینگی وائرس کے خطرات سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عمل کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرفیصل آبادندیم ناصرنے کہا کہ ضلع میں ڈینگی کی مکمل اندازمیں روک تھام کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کار روائیوں کومزید تیز کردیں کیونکہ اس ضمن میں معمولی غفلت یا عدم توجہی کا متحمل بھی نہیں ہوا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کریں کیونکہ کوتاہی کی صورت میں وہ ذمہ دارہونگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے لہٰذا اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیلڈ میں سرویلنس کی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں سے اوجھل نہ رہیں اوراس ضمن میں قبرستانوں، کباڑ خانوں،پودوں کی نرسریوں اور دیگر ذرائع کے علاوہ درختوں کے خلا اور سوراخوں کو اچھے طریقے سے بند کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے اینڈرائڈ فونز کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے ہرممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے اس سلسلے میں ضروری انسدادی کارروائیوں پر عملدرآمد کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :