برطانوی اور یورپی ایئرپورٹس پر سائبر حملے، پاکستانی ایئرپورٹس پر سیکیورٹی صورتحال معمول کے مطابق برقرار

برطانیہ اور یورپ میں ایئرپورٹس کے نظام پر سائبر حملے، پاکستانی حکام کا مؤقف، ایئرپورٹس سسٹم پر کوئی اثرات نہیں

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:55

برطانوی اور یورپی ایئرپورٹس پر سائبر حملے، پاکستانی ایئرپورٹس پر سیکیورٹی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء) برطانیہ اور یورپ کے مختلف ایئرپورٹس پر حالیہ سائبر حملوں کے نتیجے میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سمیت کئی بڑے ایئرپورٹس متاثر ہوئے ہیں، جس سے عالمی فضائی آپریشن میں خلل آیا ہے۔ سائبر حملے کے باعث برسلز اور برلن ایئرپورٹس پر بھی آپریشن متاثر ہوئے اور متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

اس کے علاوہ ایئرپورٹس کے الیکٹرانک چیک اِن سسٹمز کی ناکامی کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس میں کئی ایئرپورٹس پر پروازوں کی منسوخی اور طویل تاخیر کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔کولنز ایئروسپیس کی طرف سے یہ تصدیق کی گئی ہے کہ کمپنی کے سسٹم پر بھی تکنیکی مسائل نے اثر ڈالا ہے، تاہم ابھی تک سائبر حملے کی نوعیت اور اس کے اصل ذرائع کا تعین نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

یہ حملے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عالمی ایئرپورٹ سسٹمز پر سائبر سیکیورٹی کے خطرات بڑھ رہے ہیں، اور ان حملوں کے اثرات نہ صرف مسافروں پر پڑتے ہیں بلکہ ایئرلائنز اور ایئرپورٹس کی آپریشنل صلاحیت پر بھی سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔پاکستانی حکام نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی ایئرپورٹس سائبر حملوں سے محفوظ ہیں۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (PAA) کے مطابق، پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، اور تمام سافٹ ویئر سسٹمز فعال ہیں۔ پی اے اے نے مزید کہا کہ ایئرپورٹس کے امیگریشن، ایئرلائنز، جی ایچ ایز اور ریزا سسٹمز کسی بھی قسم کی خرابی یا سائبر تھریٹ سے متاثر نہیں ہوئے ہیں، اور اس وقت کسی بھی گِلچ یا سافٹ ویئر خرابی کی اطلاع نہیں ملی۔

پاکستانی ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق، ملک کے تمام ایئرپورٹس پر سیکیورٹی پروسیجرز اور سسٹمز کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عالمی ایئرپورٹ سسٹمز میں ہونے والی سائبر سیکیورٹی کی خلاف ورزیوں سے بچا جا سکے۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ تمام سافٹ ویئر سسٹمز کی حفاظت کے لیے جدید حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں، اور پاکستانی ایئرپورٹس پر سفر کرنے والے مسافروں کو مکمل سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔اس وقت پاکستانی ایئرپورٹس پر سائبر حملوں کا کوئی اثر نہیں پڑا ہے، اور ایئرپورٹس اتھارٹیز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام سافٹ ویئر سسٹمز کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے بچا جا سکی