وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا

جمعہ 19 ستمبر 2025 17:11

وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جمعہ کو سرگودھا میں عوام کو آسان، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید الیکٹرک بس سروس کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے ۔ انہوں نے سرکٹ ہاؤس سے یونیورسٹی آف سرگودھا تک نئی افتتاحی الیکٹرک بس پر سواری کی۔

یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سرگودھا ڈویژن کے لیے 105 بسیں فراہم کی ہیں اور جلد ہی سرگودھا کے لیے 60 بسیں دستیاب ہوں گی۔انہوں نےکہا کہ اس وقت سرگودھا کے لیے 33 بسیں فراہم کی گئی ہیں ، الیکٹرک بس سروس حکومت پنجاب کا اہم منصوبہ ہے جو سرگودھا ڈویژن کے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرگودھا شاہینوں کا شہر اور مسلم لیگ ن کا مرکز ہے، مسلم لیگ ن نے موٹر وے سے سرگودھا تک لنک فراہم کیا جس سے سرگودھا کے عوام موٹر وے سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سرگودھا کے عوام کو نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال کا منصوبہ دیا جس نے ایک سال کے ریکارڈ وقت میں کام شروع کر دیا اور اعلان کیا کہ آئندہ ماہ میاں محمد نواز شریف بذات خود نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال کا افتتاح کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سرگودھا جیسے چھوٹے شہروں سے الیکٹرک بس کی فراہمی شروع کی جس کی صوبے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور ہم نے بڑے شہروں کے برعکس چھوٹے شہروں سے پراجیکٹ شروع کر کے پیش رفت کا آغاز کیا جس سے پنجاب کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسیں مسافروں کے لیے الگ کمپارٹمنٹ اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ جدید اور آرام دہ سفری خدمات فراہم کر یں گی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری، پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان سمیت اہم شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔