واسا راولپنڈی نے نادہندگان کے خلاف خصوصی کارروائیوں کا آغاز کر دیا

جمعہ 19 ستمبر 2025 22:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف کی خصوصی ہدایات پر واسا راولپنڈی نے نادہندگان کے خلاف خصوصی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ۔سینئر سپیشل مجسٹریٹ واسا راولپنڈی عامر اشفاق قریشی نے 5 واسا نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق محمد افسر خان ساکن نیو پڑیاں (222712 روپے)، سرور خان ساکن محلہ راجہ سلطان (425869 روپے) ،محمد خان گل ساکن نیو پڑیاں (189853 روپے)، راجہ عبدالطیف ساکن نیو پڑیاں (312251 روپے) اور نزیر النساء ساکن نیو پڑیاں (187213 روپے) کے نادہندگان تھے ، ان کو متعدد بار واسا واجبات کی ادائیگی کے نوٹس بھجوائے گئے مگر کوئی جواب نہ ملنے اور مسلسل عدم ادائیگی پر بالآخر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے اس موقع پر کہا کہ واسا ایک اپنے ذرائع سے چلنے والا ادارہ ہے اور ہم اپنے تمام اخراجات اپنے وسائل سے پورے کرتے ہیں،اس لیے ریونیو ریکوری میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ایم ڈی واسا نے افسران کو تمام نادہندگان سے بقایا جات کی سو فیصد ریکوری کا خصوصی الٹی میٹم دیا اور ریونیو ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو نادہندگان کے کنکشنز فی الفور منقطع کرنے کے احکامات دیے۔

اس موقع پر ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ واسا نادہندگان کو آخری موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے بقایا جات کلیئر کر دیں ،اس کے بعد واسا بل میں لیٹ فیس اور اقساط پر پابندی ہو گی اور جائیداد کی قرقی،گرفتاری،پانی و سیوریج کی بندش شامل ہیں ۔ایم ڈی واسا نے واسا صارفین سے اپیل کی کہ اپنے واجبات بروقت ادا کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔ایم ڈی واسا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آخری ڈیفالٹر تک کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور اس سلسلے میں کسی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔