حافظ آباد: ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

متاثرین تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل، متعدد افراد کی اموات کی تصدیق کر دی گئی

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی ہفتہ 20 ستمبر 2025 17:22

حافظ آباد:  ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق
حافظ آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 ستمبر 2025ء ) پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں سکھیکی منڈی کے محلہ فاروق اعظم میں واقع ایک رہائشی مکان میں ٹیوشن کلاس کے دوران اچانک چھت گرنے سے خاتون ٹیچر اور پانچ بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے۔ ماں بیٹے سمیت کئی طالب علم ملبے تلے دب گئے۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور متاثرین کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا، جہاں متعدد افراد کی اموات کی تصدیق کی گئی۔

حادثے میں ٹیچر، ان کا بیٹا اور 5 طالب علم جاں بحق ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد، عاطف نذیر موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے ریسکیو اداروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے اور ملبہ ہٹانے کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی بھی کی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ابتدائی طور پر 3 طلبہ کی اموات رپورٹ ہوئیں، تاہم زخمیوں میں سے مزید افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہو گئی، جن میں ٹیچر اور ان کا بیٹا بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ سرور بی بی، 9 سالہ عبدالرحمٰن، 5 سالہ عمر، 4 سالہ روہان اور 8 سالہ ریحان شامل ہیں، جبکہ باقی متاثرہ افراد کی شناخت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :