Live Updates

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 1.34 فیصد کی کمی واقع ہوئی. ادارہ شماریات

قیمتوں میں معمولی ردوبدل میں حکومتی اقدامات کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ بارشوں کا خاتمہ اور سیلابی پانی کی واپسی ہے. ماہرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 20 ستمبر 2025 16:44

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 1.34 فیصد کی کمی واقع ہوئی. ادارہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 ستمبر ۔2025 )وفاقی ادارہ شماریات نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں 18 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 1.34 فیصد کی کمی واقع ہوئی جس کی وجہ ٹماٹر اور پیاز جیسی جلد خراب ہونے والی اشیاءکی فراہمی میں بہتری ہے. ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں معمولی ردوبدل میں حکومتی اقدامات کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ اس کی وجہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر حصوں میں مون سون کا خاتمہ اور متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی واپس جانا ہے جس کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی معمول پر آرہی ہے.

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے ٹماٹر کی قیمتیں 23.11 فیصد، چکن 12.74 فیصد، پہلی سہ ماہی کے بجلی چارجز 6.21 فیصد، کیلے 5.07 فیصد، گندم کا آٹا 2.60 فیصد، پیاز 1.17 فیصد، مسور کی دال 0.64 فیصد، چنے کی دال 0.47 فیصد اور لہسن 0.46 فیصد کم ہوئے ہیں دوسری جانب ڈیزل کی قیمتوں میں 1.06 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، انڈے 0.91 فیصد، باسمتی ٹوٹا ہوا چاول 0.84 فیصد، جارجٹ 0.83 فیصد،اری-6/9 چاول 0.78 فیصد، لکڑی 0.59 فیصد، مٹن اور بیف 0.31 فیصد، سبزیوں کا گھی (1 کلو) 0.25 فیصد، انرجی سیور 0.23 فیصد اور مونگ کی دال 0.10 فیصد بڑھ گئی ہیں.

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور19 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیاد پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.43 فیصد کمی کے ساتھ 3.82فیصد رہی 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.59 فیصد کمی کے ساتھ 4.02 فیصد اور 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.34 فیصد کمی کے ساتھ4.89 فیصد ریکارڈ کی گئی.

ادارہ شماریات کے مطابق 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.31 فیصد کمی کے ساتھ 4.97 فیصد رہی اور 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.23فیصد کمی کے ساتھ 3.47فیصد رہی ہے. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات