صدر مملکت آصف علی زرداری کا دورہ چین کے دوران کاشغر کی تاریخی عیدگاہ مسجد کا دورہ

ہفتہ 20 ستمبر 2025 16:49

صدر مملکت آصف علی زرداری کا دورہ چین کے دوران کاشغر کی تاریخی عیدگاہ ..
کاشغر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کاشغر کی تاریخی عیدگاہ مسجد کا دورہ کیا جو خطے کے مشہور مذہبی اور ثقافتی مقامات میں سے ایک ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کاشغر کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری یاؤننگ اور امام میمتی جوبن نے صدر آصف علی زرداری کا مسجد پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ امام نے صدر مملکت کو مسجد کا دورہ کرایا۔ صدر کو مسجد کی تاریخی اہمیت اور ورثے پر بریفنگ بھی دی گئی۔ دورے کے دوران صدر مملکت نے عصر کی نماز ادا کی اور مسجد کے شاندار فنِ تعمیر کو سراہا۔ صدر مملکت کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی کو مستحکم کرنے میں ایک اور قدم کی نشاندہی کرتا ہے، دونوں ممالک اپنے تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دونوں ممالک کے سفراء بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔\932