ڈیرہ غازی خان کے پارلیمنٹیرینز کی ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 20 ستمبر 2025 19:23

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) ڈیرہ غازی خان کے پارلیمنٹیرینز کی ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی سردار عبدالقادر خان کھوسہ نے کی۔اجلاس میں صوبائی اراکین اسمبلی محمد حنیف پتافی، احمد خان لغاری، صلاح الدین کھوسہ، مسلم لیگی رہنما، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) طارق ولایت سمیت ضلعی و صوبائی محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل امیر مسلم نے اراکین اسمبلی کو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کے اجلاس کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، الیکٹرک بس سروس، فراہمی و نکاسی آب اور عوامی فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اراکین اسمبلی نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، میونسپل سروسز کی بہتری اور گڈ گورننس پر زور دیا۔

اجلاس میں واسا کو مکمل فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے بارہ ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی پی او کیپٹن (ر) طارق ولایت نے اجلاس کے شرکاء کو امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے آگاہ کیا۔