اسلام آباد میں تین روزہ بین الاقوامی ادبی نمائش اختتام پذیر

اتوار 21 ستمبر 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) اسلام آباد میں تین روزہ بین الاقوامی ادبی نمائش اتوار کے روز اختتام پذیر ہو گئی، جو ادب، ثقافت اور معاشرتی شراکت کا ایک بھرپور جشن ثابت ہوئی۔یہ نمائش انڈس ٹری اور ایم او ڈی کنسلٹنسی کے اشتراک سے منعقد کی گئی، جبکہ ڈان میڈیا، کک ٹری ، سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن سٹی اسلام آباد جیسے اداروں نے اسے معاونت فراہم کی۔

اس ادبی میلے کا مقصد کم ہوتی ہوئی مطالعے کی عادت کو دوبارہ فروغ دینا اور عوام کو کتابوں کے قریب لانا ہے۔

(جاری ہے)

ملک بھر سے آئے ہوئے پبلشرز، کتاب فروشوں اور ادیبوں نے اس میں شرکت کی جنہیں نایاب اور معیاری کتابوں پر خصوصی رعایتیں بھی پیش کی گئیں۔تقریب میں مختلف موضوعات پر سیمینارز، معروف مصنفین و ماہرین تعلیم کے ساتھ مکالمے، نئی کتابوں کی تقاریبِ رونمائی، لٹریچر اور سماجی مسائل پر مبنی تھیٹر پرفارمنسز، طلباء کے لیے تعلیمی سرگرمیاں اور ہر عمر کے افراد کے لیے دلچسپی کے مواقع موجود تھے۔

ساتھ ہی ساتھ ایک خوبصورت فوڈ کورٹ نے شرکاء کو تروتازہ رکھا۔آئی بُکس 2025 نے ادب، تعلیم اور تفریح کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے پاکستان کے ادبی منظرنامے میں ایک یادگار اضافہ کیا اور خود کو ایک اہم ادبی روایت کے طور پر منوایا۔