انگلش پریمیئر لیگ،فلہم نے برینٹ فورڈ کو ہرا دیا ،مانچسٹر سٹی اور آرسنل کا میچ 1-1 گول سے برابر

پیر 22 ستمبر 2025 08:50

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) فلہم نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں برینٹ فورڈ کو شکست دے دی جبکہ مانچسٹر سٹی اور آرسنل کی ٹیموں کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابررہا ۔ انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا 34 واں سیزن انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

کریون کاٹیج، لندن کے مقام پر کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں فلہم اور برینٹ فورڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں فلہم کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم برینٹ فورڈ کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔الیکس ایوبی،ہیری ولسن اورایتھن پنک نے ایک ،ایک گول کر کے اپنی ٹیم فلہم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ فلہم کی لیگ میں ابتدائی فتح ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر 5 پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

ایمریٹس سٹیڈیم، لندن کے مقام پر کھیلے گئے ایک اور میچ میں مانچسٹر سٹی اور آرسنل کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ نے میچ شروع ہونے کے بعد نویں منٹ میں پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 گول کی برتری دلادی ۔بعد میں آرسنل کے گیبریل مارٹینیلی نے میچ کے آخری لمحات میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا اور یہ میچ 1-1 گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔\932