Live Updates

کرکٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے کو Duck کیوں کہا جاتا ہی

پرنس آف ویلز ایک میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔اگلے دن اخبار نے لکھا کہ وہ ''بطخ کے انڈے پر پویلین لوٹ گئے‘یہ جملہ چھا گیا

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:43

کرکٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے کو Duck کیوں کہا جاتا ہی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء)جب کوئی بلے باز اننگز کا آغاز کرتے ہی بغیر رن بنائے آؤٹ صفر پر آؤٹ ہوجائے تو کرکٹ کی اصطلاح میں اسے Duck کہا جاتا ہے۔ٹی وی اسکرین پر بھی ایسے موقع پر بطخ کی تصویر دکھائی جاتی ہے، لیکن کبھی آپ نے سوچا ہے کہ کرکٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے کو بطخ یعنی ڈک کیوں کہا جاتا ہی ، آخر کرکٹ کا Duck سے کیا تعلق ہی اگر آپ نہیں جانتے تو اس کے پیچھے کی منفرد کہانی ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

اصل میں یہ اصطلاح بطخ کے انڈے سے منسوب ہے، کیونکہ انڈے کی شکل صفر جیسی ہوتی ہے۔ اس لیے جب کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوتا ہے تو اسے انڈے پر آؤٹ ہونا بھی کہا جاتا ہے۔1866 میں ایک تاریخی واقعہ پیش آیا جب پرنس آف ویلز ایک میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اگلے دن اخبار نے لکھا کہ وہ ''بطخ کے انڈے پر سوار ہو کر'' پویلین لوٹ گئے۔ یہ جملہ اتنا مقبول ہوا کہ اس کے بعد ہر اخبار میں یہی اصطلاح استعمال ہونے لگی اور تب سے کرکٹ میں ’ڈک‘ لفظ عام ہوگیا۔

ہم سب یہ توجانتے ہیں کہ کرکٹ میں اگر بیٹر بغیر رن بنائے صفر پر آؤٹ ہوجائے تو اسے ڈک یعنی انڈے پر آؤٹ ہونا کہا جاتا ہے لیکن اگر کوئی بیٹر اپنی پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوجائے تو اسے گولڈن ڈک کہا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ڈائمنڈ ڈک کی اصطلاح اس وقت استعمال ہوگی جب کوئی بیٹر بغیر گیند کھیلے ہی صفر پر آؤٹ ہو جائے۔یہ زیادہ تر نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہونے کی صورت میں ہوتا ہے، یا کبھی وائیڈ گیند پر اسٹرائیکر اینڈ پر اسٹمپ ہونے کی صورت میں بھی ڈائمنڈ ڈک شمار کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونے کا منفرد ریکارڈ سری لنکا کے سابق کرکٹر سنتھ جے سوریا کے پاس ہے جو 34 بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔اس فہرست میں دوسرا نمبر پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ہے جو ون ڈے کرکٹ میں 30 بار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات