Live Updates

ایشیا کپ فائنل، رنز کے انبار لگیں گے یا گیند بازوں کا راج ہو گا؟

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے تیار کی گئی وکٹ کی ساخت سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:36

ایشیا کپ فائنل، رنز کے انبار لگیں گے یا گیند بازوں کا راج ہو گا؟
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2025ء) ایشیا کپ فائنل، رنز کے انبار لگیں گے یا گیند بازوں کا راج ہو گا؟ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے تیار کی گئی وکٹ کی ساخت سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئیں۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کے مطابق ایشیا کپ کے فائنل کیلئے جو وکٹ تیار کی گئی اس کا کوچ اور فہیم اشرف نے جائزہ لیا ہے، وکٹ پاک بھارت گزشتہ 2 میچز جیسی ہی ہے۔

ہفتے کے روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ پچھلے میچز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے، ہو سکتا ہے کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی فائنل کے لیے بچا کر رکھی ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کیا کہہ رہا ہے، اس سے کوئی غرض نہیں، ہماری ساری توجہ اپنی کارکردگی پر ہے، ایشیا کپ فائنل کیلئے تیار رہیں، اُمید ہے اچھے نتائج دیں گے، انشااللہ کل پاکستان کو جیتتے ہوئے دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں ، اگرچالیس اوور تک پلان پرعمل کیا توکسی ٹیم کو بھی ہرا سکتے ہیں، صائم ایوب اگلے دس سال تک ٹیم کے کام آ سکتا ہے، صائم نے فیلڈنگ اور بولنگ میں اچھی پرفارمنس دی، توقع ہے صائم فائنل میں اچھی بیٹنگ کریں گے۔ سلمان آغا نے کہا کہ گراؤنڈ سے باہر کی چیزوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے ،ہمارا ہدف ایشیاکپ جیتنا ہے، اِسی کے لیے میدان میں اتریں گے، کبھی نہیں دیکھا کہ دوٹیموں میں ہینڈ شیک نہ ہوا ہو، کبھی میرے والد نے بھی ایسی بات نہیں بتائی کہ ہینڈشیک نہیں ہوا، پہلے بھی پاک بھارت میچز ہوئے، حالات خراب ہونے کے باوجود ہینڈشیک ہوئے، ہینڈ شیک نہ ہونا کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے سپنرز کو زیادہ مدد مل رہی تھی ،اسی لیے سپنرز پر زیادہ انحصار کیا، اگرکوئی گراؤنڈ میں جارحانہ انداز دکھانا چاہتا ہے کوئی مسئلہ نہیں ، فاسٹ بولرز سے اگر اُس کا جارحانہ پن چھین لیں تو کچھ بچتا ہی نہیں، ہر کھلاڑی کو پتہ کہ جذبات کو کیسے قابو رکھنا ہے، ہرکھلاڑی کو جذبات کے اظہار کا حق ہے بس کسی کی توہین نہ کرے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات