Live Updates

سیالکوٹ،محکمہ زراعت سیلاب کے بعد کپاس کی بہتر نگہداشت بارے سفارشات جاری

پیر 22 ستمبر 2025 18:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے سیلاب کے بعد کپاس کی بہتر نگہداشت بارے سفارشات جاری کر دیں ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق فصل میں اگر جڑی بوٹیوں کی کثرت ہو جائے توان کی تلفی یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں، جہاں تک ممکن ہو سکے سیلابی پانی کے نکاس کا انتظام کریں تاکہ کپاس کے پودے مرجھاؤ سے بچ سکیں۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ کپاس کی فصل میں پانی اترنے کے بعد یوریا کھاد کا 2 فیصد محلول اور اچھی پیداوار کے حصول اور زیادہ پھول ڈوڈی لانے کے لیے بورک ایسڈ (17 فیصد) 300 گرام، زنک سلفیٹ (33 فیصد) 250 گرام، میگنیشیم سلفیٹ 250 گرام اور پوٹاشیم نائٹریٹ 250-300 گرام کو 100 لیٹر پانی میں محلول بنا کر 7 دن کے وقفہ سے سپرے کریں تاکہ فصل کی پیداواری صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے۔ اگر کپاس کی فصل زیادہ بڑھوتری کی طرف مائل ہو تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے میپی کواٹ کلورائیڈ بحساب 80 تا 100 ملی لیٹر فی ایکڑ سپرے کریں۔اس کے علاوہ کپاس کی صاف چنائی پر خصوصی توجہ دیں اور چنی ہوئی پھٹی کو آلائشوں سے پاک رکھیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :